صدر عارف علوی کو کینیڈا، آسٹریا، شام، سربیا اور سلوواک ریپبلک کے نامزد سفرا نے سفارتی اسناد پیش کر دیں

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر عارف علوی کو کینیڈا، آسٹریا، شام، سربیا اور سلوواک ریپبلک کے نامزد سفراکی جانب سے سفارتی اسناد پیش  کر دی گئی، صدر مملکت نے  دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو کینیڈا، آسٹریا، شام، سربیا اور سلوواک ریپبلک کے نامزد سفراکی جانب سے سفارتی اسناد پیش  کی گئیں۔ بعد ازاں ، غیر ملکی سفرانے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔

صدر مملکت سے کینیڈا کی ہائی کمشنر ، لیزلی سکینلن نے بھی  ملاقات کی، سیکرٹری خارجہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان میں بڑی اقتصادی صلاحیت اور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، کینیڈا کے کاروباری اداروں کو پاکستان میں مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی جانی چاہیے،  ریکوڈک منصوبے پر مثبت پیشرفت سے پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاری کی مزید حوصلہ افزائی ہوگی۔ صدر مملکت  نے کہا کہ  پاکستان اور کینیڈا کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں ، پاکستان کینیڈا کے ساتھ معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔  پاکستان میں آسٹریا کی سفیر، اینڈریا وِک ، نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی ۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان آسٹریا کے ساتھ تعلقات کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے سرمایہ کاری کا نظام سے آسٹریا کی کمپنیوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے ، آسٹریا کی کمپنیاں پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنے پر غور کریں ، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،  امید ہے کہ نئے سفیر دونوں ممالک کے مابین ان شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے کام کریں گے۔

 صدر مملکت  نے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔   صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے آسٹریا سمیت اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنا   چاہتا ہے۔  صدر مملکت سے شام کے سفیر، ڈاکٹر رمیز الرائی، نے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے  پاکستان اور شام کے درمیان مختلف سطحوں پر قیادت میں مستقل رابطے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کثیر الجہتی اور گہری جڑوں کے حامل ہیں ،  صدر مملکت نے شامی حکومت کی جانب سے پاکستانی زائرین کے لیے گروپ ویزا کھولنے کے دوستانہ اقدام کو سراہا۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کی ایئر لائنز کی جانب سے کراچی اور دمشق کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کے فیصلے کو بھی سراہا۔ سربیا کے غیر رہائشی سفیر ، دراگان تودوروک ، نے بھی صدر عارف علوی سے ملاقات کی ۔

 صدر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کو دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے تندہی سے کام کرنے کی ضرورت ہے ،  پاکستان 22 کروڑ آبادی پر مشتمل ہنر مند اور نیم ہنر مند کارکنوں کی مثالی مارکیٹ ہے ، سربیا پاکستان کی افرادی قوت سے کارپوریٹ سیکٹر میں استفادہ کر سکتا ہے،   پاکستان کے ہنر مند نوجوان تعمیراتی شعبے میں سربیا کی مدد کر سکتے ہیں ۔  صدر عارف علوی سے سلوواک ریپبلک کے سفیر ، لادی سلاو بیلک ،  نے بھی ملاقات  کی۔

صدر نے کہا کہ امید ہے کہ نامزد سفیر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں اپنا کردار ادا کر یں گے، کہا کہ پاکستان کی سرمایہ کاری کی پالیسیاں لبرل ہیں،  پاکستان کا سٹارٹ اپ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ بہت تیزی سے پھیل رہا ہے،  خصوصی اقتصادی زونز میں سلواک سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے ۔