صدر مملکت عارف علوی سے اٹلی کیلئے نامزد پاکستانی سفیر علی جاوید کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اٹلی کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر علی جاویدنے ایوان صدر میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھاک کی پاکستان اور اٹلی کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے نئے راستے تلاش کئے جاسکتے ہیں۔دفاع، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت صنعتی شعبے میں تعلقات مزید بہتربنانے کی ضرورت ہے۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین اپنی خدمات اور مصنوعات اٹلی اور یورپ میں فراہم کر سکتے ہیں۔

اٹلی میں پاکستانی سفیر اور تمام ذیلی عملہ اپنی توانائیاں پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل پر مرکوز رکھیں۔نامزد سفیر اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کو ضروری معاونت اور مشاورت کی خدمات فراہم کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفیر پاکستان میں چیمبرز آف کامرس اور پاکستان کے بڑے صنعتی اور مینوفیکچرنگ اداروں کے ساتھ قریبی روابط رکھیں۔صنعتی یونٹس پاکستان منتقل کرنے کیلئے اطالوی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

اطالوی سرمایہ کاری پاکستان میں سستی افرادی قوت ، خام مال اور سرمایہ کاردوست پالیسیوں سے مستفید ہوں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ  پاکستان اور اٹلی متعدد علاقائی اور عالمی مسائل بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔پاکستانیوں کی بڑی تعداد اٹلی میں مقیم ہے، ان کی فلاح و بہبود کو سب سے زیادہ ترجیح دی جانی چاہیے۔