الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے تحت تین روزہ کلینیکل لیبارٹریز کوالٹی مینجمنٹ ورکشاپ کا انعقاد

لاہور( صباح نیوز  )الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام الخدمت کمپلیکس لاہور میں تین روزہ کلینیکل لیبارٹریز کوالٹی مینجمنٹ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں ملک بھر سے الخدمت شعبہ صحت کے مینجرز، ٹیکنالوجسٹس اور پیتھالوجسٹس سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

جنرل سیکرٹری الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد زاہد  لطیف نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پورے ملک میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سٹاف کے لئے بھی مختلف تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرتی ہے تربیت بھی فراہم کرتی ہے۔ان ورکشاپس کا مقصد لیبارٹری سروسز کو مزید بہتر  بنانا اور سٹاف کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ عوام الناس کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ہم یہ سب کام لوگوں کی فلاح و بہبود اور اللہ کی رضا کے لیے کر رہے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ اپنے اداروں میں پلاننگ اور مینجمنٹ کو مزید بہتر کر سکیں۔

مینجنگ ڈائریکٹر الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن  سفیان احمد خان نے کہا کہ مسلسل محنت اور مشق سے ہی دیرپا کامیابی کا حصول ممکن ہوسکتا ہے جس کے لئے الخدمت ایسی ورکشاپس کا انعقاد کرتی ہے۔ورکشاپ میں ڈاکٹر زکی الدین احمد، ڈائریکٹر الخدمت پشاور ڈائیگناسٹک سنٹر ڈاکٹر نوید شریف اور ایچ او ڈی ہیماٹولوجی یو نیورسٹی آف  ہیلتھ سائنسز لاہور  ڈاکٹر آصف نوید نے شرکاء کو ٹریننگ دی۔اختتام پر شرکاء کو تعریفی اسناد اور شیلڈز پیش کی گئیں۔