لاہور(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال، دہشتگردی کے واقعات اور مسئلہ کشمیر سے خطے کو مسائل کا سامنا ہے۔
صدر مملکت نے پانچویں میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سیلاب میں ریلیف اور بحالی کے کاموں میں پاک بحریہ کا کردار قابل تعریف ہے۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ افغانستان کی صورت حال، دہشتگردی کے واقعات اور مسئلہ کشمیر سے خطے کو مسائل کا سامنا ہے، بھارت نے خطے میں اپنا تسلط قائم کرنے کے لیے دفاع پر بے پناہ بجٹ لگایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے کم وسائل کے باوجود 40 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی، روس اور یوکرین کی کشیدگی سے ترقی پذیر ملک سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، سرد جنگ کے باعث بھی انسانیت کو نقصان پہنچا۔