جنیوا(صباح نیوز)اقوام متحدہ نے یمن میں تقریبا 8 سال سے جاری خانہ جنگی کی خوفناک منظر کشی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران اب تک 11 ہزار سے زیادہ بچے ہلاک یا معذور ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی بچوں کے معاملات سے متعلق ایجنسی یونیسیف نے دنیا کے بدترین انسانی بحران سے ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا کہ ان افسوسناک اعداد و شمار تعداد کہیں زیادہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر یونیسیف کیتھرین رسل نے کہا کہ ہزاروں بچے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو کر موت کی وادی میں اتر گئے، انسانی المیے کے دوران زندہ بچ جانے والے لاکھوں مزید بچوں پر بیماری یا بھوک کے باعث موت کے خطرات کے بھیانک سائے منڈلا رہے ہیں۔یونیسیف نے کہا کہ تقریبا 22 لاکھ یمنی بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں، غذائی قلت کے شکار بچوں میں سے ایک چوتھائی کی عمریں 5 سال سے بھی کم ہیں، ان بچوں میں سے زیادہ تر کو ویکسی نیشن کے ذریعے روکے جانے کے قابل بیماریوں جیسا کہ ہیضہ، خسرہ اور اس طرح کے دیگر امراض سے شدید خطرات لاحق ہیں۔
عالمی ایجنسی کے تازہ ترین اعداد و شمار مارچ 2015 سے ستمبر 2022 کے درمیان 3 ہزار 774 بچوں کی موت کی تصدیق کرتے ہیں۔یمن جنگ 2014 میں شروع ہوئی جس کے بعد فوری طور پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا جس کے بعد آئندہ سال سعودی زیرقیادت افواج نے حکومت کی حمایت کرتے ہوئے مداخلت کی۔یمن میں براہ راست جنگ کے نتیجے میں یا بالواسطہ طور پر اس جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث مرتب ہونے والے اثرات جیسے پینے کے غیر محفوظ پانی، بیماریوں کے پھیلنے، بھوک اور دیگر عوامل کے نتیجے میں اب تک لاکھوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کی ثالثی میں میں ہونے والی جنگ بندی 6 ماہ تک جاری رہ کر 2 اکتوبر چلی لیکن پھر متحارب فریق اس کی توسیع سیمتعلق کسی معاہدے پر پہنچنیمیں ناکام رہے۔یونیسیف نے کہا کہ جنگ بندی ختم ہونے سے اب تک کم از کم 62 بچے ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔کیتھرین رسل نے کہا کہ جنگ بندی کی فوری بحالی ایک مثبت پہلا قدم ہو گا جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لازمی رسائی کو ممکن بنادے گا۔انہوں نے کہا کہ آخر کار صرف پائیدار امن ہی خاندانوں کو اپنی تباہ حال زندگیوں کو دوبارہ بحال کرنے اور مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کرنے کا موقع فراہم کرسکتا ہے۔
اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران 3 ہزار 409 لڑکوں کو لڑائی کے لیے بھرتی کیا گیا اور 90 سے زیادہ لڑکیوں کو چیک پوسٹوں اور چوکیوں پر تعینات کرنے کے علاوہ دیگر ذمے داریاں سونپی گئیں۔ یونیسیف نے یمن میں جاری خوفنکا انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے 48.44 ڈالر کی امداد کی اپیل کی۔کیتھرین رسل نے کہا اگر یمن میں رہنے والے بچوں کو اچھے مستقبل کا کوئی موقع ملنا ہے تو تمام اثر و رسوخ رکھنے والوں کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، ان کو سپورٹ کی جائے ۔۔