عمران،فواد ،اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت  کل ہوگی


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بینچ کی عدم دستیابی کے باعث توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو پارٹی صدارت سے ہٹانے سمیت پانچ کیسزڈی لسٹ کردیئے۔ ان کیسز کی سماعت کل  ہونا تھی لیکن اب نئی کاز لسٹ کے مطابق ان کیسز کی سماعت 20دسمبر کو ہو گی۔ جبکہ عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں اسد عمراور فواداحمد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کے خلاف توہین آمیز اورغیر پارلیمانی زبانی کے استعمال کے خلاف لئے گئے نوٹس پر سماعت کل منعقد ہو گی۔

الیکشن کمیشن کی کاز لسٹ کے مطابق کل چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کے خلاف توہین آمیز اور غیر پارلیمانی زبان کے استعمال پر عمران خان، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات ا سد عمر اورپی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد احمدچوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیسزکیس کی سماعت ہو گی۔

الیکشن کمیشن، عمران خان اورفواد چوہدری کے خلاف چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف نازیبا زبان اور غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال پر لئے گئے نوٹس پر سماعت کرے گا جبکہ اسد عمر کے خلا ف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف توہین آمیز اور غیر پارلیمانی زبان کے استعمال پر لئے گئے نوٹس پر سماعت کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے اس حوالہ سے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کررکھا ہے۔

توہین الیکشن کمیشن کے کیسز کی سماعت بینچ نمبر ایک  کل صبح10بجے کرے گا۔جبکہ بینچ نمبر دو نے عمران خان کے خلا ف توشہ خانہ کیس میں ناہلی کے بعد پارٹی صدارت ست ہٹانے سمیت پانچ درخواستوں پر سماعت کرنا تھی لیکن بینچ کی عدم دستیابی کے باعث ان پانچوں کیسز کو ڈی لسٹ کردیا گیا ہے اور اب ان کیسز کی سماعت 20دسمبر کو ہو گی۔عمران خان کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے لئے جمال اختر انصاری اور محمد آفاق نے درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان اوردرخواست گزاروں کو نوٹسز جاری کرکھے ہیںجبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کازلسٹ کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی درخواست پر سماعت بھی اب20دسمبر کو ہو گی۔

الیکشن کمیشن نے درخواست گزار رکن قومی اسمبلی علی گوہر خان بلوچ کو بذریعہ وکیل نوٹس جاری کردیا ہے جبکہ عمران خان کی جانب سے ضمنی الیکشن میں انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع نہ کروانے کے معاملے پر جاری کیے گئے نوٹس کی سماعت بھی اب سماعت20دسمبر ر کو ہوگی۔ عمران خان نے این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 239 کورنگی کراچی اور این اے 45 کرم ایک سے انتخابی اخراجات جمع نہیں کروائے۔

پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت بھی سماعت 20دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کے حوالہ سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کیس میں عمران خان کے زریعہ پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کررکھا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیوں نہ غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلہ کی روشنی میں پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ بحق سرکار ضبط کر لی جائے۔