سی پیک میں دوسرے ممالک کی شراکت اور اس سے فائدہ اٹھانے کا خیرمقدم کریں گے،عارف علوی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سی پیک کو پاکستان ، چین، علاقائی اور دنیا کے دیگر ممالک کے لئے اقتصادی، مالیاتی، ترسیل اور رابطہ سازی میں اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک میں دوسرے ممالک کی شراکت اور اس سے فائدہ اٹھانے کا خیرمقدم کریں گے۔ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں چینی سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدای منصوبہ (سی پیک) ایک تزویراتی منصوبہ ہے، سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کا مکمل فعال ہونا ایک اہم سنگ میل ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ چین آئی ٹی سیکٹر خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرے، پاکستان نے چینی کارکنوں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ صدر مملکت نے چین اور گوادر کے درمیان سڑک کے رابطوں کو پورا سال تمام موسمی حالات میں مکمل طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان چینی قیادت کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے اور نچلی سطح پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات سے سیکھ رہا ہے، چین کی اعلی قیادت سے ملاقاتوں سے اقتصادی، مالیاتی، مواصلات، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوستی اور تعاون مزید مضبوط ہوا۔

صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں چین نے خطے میں بہت اہمیت اختیار کرلی ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے چین کا قریبی ساتھی ہے، دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے مقامی کرنسی کے استعمال کے آپشنز تلاش کرنے چاہئیں۔چین کے سفیر نونگ رونگ نے صدر مملکت کو چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کھاچیانگ کی جانب سے نیک تمنائیں پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت سی پیک کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے لاکھوں متاثرین کی تکالیف کم کرنے کیلئے چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد اور ہمدردی کا بھی شکریہ ادا کیا ۔