اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہداف سے مکمل ہم آہنگ ہیں جو امن، استحکام اور ترقی پر مرکوز ہیں، پاکستان قانون و انصاف کے شعبے میں تعاون کے فروغ میں موثر کردار ادا کرنے سمیت ان مشترکہ مقاصد کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے انصاف کے 9ویں ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے انصاف کے 9ویں اجلاس سے خطاب کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، یہ فورم مشترکہ اقدار، مفادات اور مواقع کو فروغ دینے کے لئے خوشحال اور پائیدار شراکت داری قائم کرنے کے رکن ممالک کے عزائم کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہداف سے مکمل ہم آہنگ ہیں جو امن، استحکام اور ترقی پر مرکوز ہیں، پاکستان قانون و انصاف کے شعبے میں تعاون کے فروغ میں موثر کردار ادا کرنے سمیت ان مشترکہ مقاصد کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایس سی او علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا ایک متحرک پلیٹ فارم بھی ہے اور ہم اس شاندار فورم کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے فرانزک سرگرمیوں، قانونی خدمات اور قانون کی بالادستی پر تعاون جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان کے ساتھ گہرے، تاریخی اور ثقافتی روابط رکھتا ہے، ہمارے مفادات اور مقاصد وسیع پیمانے پر شعبوں اور چیلنجوں میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ترین پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی قائم کی ہے، لاہور گیریژن یونیورسٹی میں پہلا ڈیجیٹل فرانزک ریسرچ اینڈ سروس سنٹر قائم کیا گیا ہے، ایس سی او کے رکن ممالک فرانزک سائنس کے شعبہ میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں، ہم رکن ممالک کو اپنے تجربات سے آگاہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
بعد ازاں اجلاس کے اختتام پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے انصاف کے 9ویں اجلاس میں شرکت کے لئے آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ایس سی او کا مستقبل بہت روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر ہم مل کر رہیں، شنگھائی تعاون تنظیم کی مستحکم ترقی کے لئے مشترکہ طور پر کام کریں، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں، تو ہم یقینی طور پر اپنی منزل تک پہنچ جائیں گے اور خطے کو پرامن، مستحکم، خوشحال اور خوبصورت بنا سکیں گے ۔