شیری رحمان کی زیر صدارت انڈس لیونگ انیشیٹیو کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کی زیر صدارت انڈس لیونگ انیشیٹیو کی اسٹیئرنگ کمیٹی پہلا اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں قراردیا گیا ہے کہ دریائے سندھ کی حفاظت وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح پر مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر ایاز صادق، سندھ کے وزیر ماحولیات وزیر محمد اسماعیل راہو، وزیر خزانہ آزاد جموں و کشمیر عبدالماجد خان ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں انڈس لیونگ انیشی ایٹو کے نفاذ اور منصوبے کی ماحولیاتی فائنانس کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس، پاکستان میں ایف اے او کی نمائندہ سیکریٹ فلورینس رولے اور دیگر اقوام متحدہ کے دیگر نمائندگان  بھی شریک تھے۔

وزارت آبی وسائل، وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق، وزارت منصوبہ بندی اور پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی وزارت ماحولیات کے حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ شیری رحمان نے کہا کہ لیونگ انڈس انیشی ایٹو ایک بہترین منصوبہ ہے جسے وفاقی کابینہ کی مکمل حمایت حاصل ہے،ہم اس اسٹیئرنگ کمیٹی کے ذریعے اپنے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں، کمیٹی پاکستان کی لائف لائن دریائے سندھ کو ری چارج کرنے اور اس کے تحفظ کے لیے اقدامات کی رہنمائی کرے گی، دنیا میں ہماری ثقافت کی تعریف اسی دریا سے ہوتی ہے، یہ 5 ہزار سالوں سے ہمار اوسیلہ زندگی اور معیشت ہے،اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح پر دریائے سندھ کی حفاظت کریں۔