بدعنوانی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے پوری طرح پرعزم ہونا ناگزیر ہے،صدرمملکت

اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بدعنوانی کی بنیادی وجوہات کا پتہ لگانے اور بدعنوانی کی کارروائیوں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ نے کیلئے پرعزم، ٹھوس اور مخلصانہ کوششیں کرکے ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان ابھر سکتا ہے،بدعنوانی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے پوری طرح پرعزم ہونا ناگزیر ہے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کی کوششوں کے بغیر کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں، کرپشن عدم استحکام اور غربت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، کرپشن کمزور ممالک کو ریاستی ناکامی کی طرف لے جاتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں بدعنوانی کے خاتمے اور احتساب یقینی بنانے کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، آج بدعنوانی کی تمام صورتوں کو ختم کرنے، نظام حکومت میں شفافیت اور احتساب کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی کی بنیادی وجوہات کا پتہ لگانے اور بدعنوانی کی کارروائیوں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے، کرپشن ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کو درپیش ایک سنگین چیلنج ہے،اخلاقی اور مالی کرپشن ہماری قوم کو درپیش سنگین خطرات کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کیلئے مسلسل کوششوں، موثر نگرانی اور کنٹرول، پرعزم قیادت اور ایک فعال معاشرے کی ضرورت ہے، بدعنوانی دفاع کو کمزور کرتی ہے اور اقتصادی ترقی میں رکاوٹ ڈالتی ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کرپشن قوم کو قیمتی اور نایاب سرکاری و نجی وسائل سے محروم کرتی ہے، سماجی اور اقتصادی تفاوت پیدا کرتی ہے اور اقتصادی ڈھانچے کو کھا جاتی ہے، کرپشن ریاستی اداروں کی کمزوری کا بھی باعث بنتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کا بین الاقوامی دن ہمیں بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ہونے والی پیش رفت پر غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، بدعنوانی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے پوری طرح پرعزم ہونا ناگزیر ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ کرپشن کے خلاف برسرپیکار لوگوں کی ذہانت، مہارت اور توانائی سے فائدہ اٹھانا ہوگا، معاشرے کے تمام طبقات کی کوششوں کے بغیر کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں، بدعنوانی کی بنیادی وجوہات کا پتہ لگانے، بدعنوانی کی کارروائیوں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر نے کہا کہ اخلاقی اقدار، انصاف اور سب کے لیے یکساں مواقع پر مبنی اصلاحات میں سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے،انسداد بدعنوانی کیلئے مربوط کوششیں ہی موثر اور پائیدار ہوسکتی ہیں، بدعنوانی سے نمٹنے ، شفافیت کے فروغ کیلئے پارلیمانی نگرانی بڑھانے کے ساتھ قانون سازی نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کی تحقیقات اور انصاف کے اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانا بھی ضروری ہے، ایک مضبوط سول سوسائٹی اور آزاد پریس عوامی عہدے داروں کو ان کے اعمال کا ذمہ دار ٹھہرانے کے لیے اہم ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے کلیدی اسٹیک ہولڈرز اور افراد کو متحد کرنا چاہئے۔