ہاؤسنگ سیکٹر کو سیلاب سے 1.2کھرب کا نقصان ہوا، بحالی کیلئے 592 بلین درکار ہیں ، شیری رحمان

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ سیکٹر کو سیلاب سے 1.2کھرب کا نقصان ہوا، بحالی کیلئے 592 بلین درکار ہیں ، متاثرہ علاقوں کی تعمیر کے حوالے سے ہمارے پاس مربوط منصوبہ ہونا چاہیے، کمزور اور متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کرتے ہوئے ہمیں ان کے دکھ اور تکالیف کو سمجھنا ہوگا۔

انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہاؤسنگ ایکسپو حالیہ سیلاب اور ہماری ترجیحات کے پس منظر میں بہت ہی اہمیت کے حامل ہے،سیلاب کے بعد ہم نے دیکھا لاکھوں لوگ کھلے آسمان کے نیچے رہنے پر مجبور ہو گئے،تعمیر کے حوالے سے ہمارے پاس ایک مربوط منصوبہ ہونا چاہیے،ہمیں ہاؤسنگ سیکٹر میں ماحول دوست اور لچکدار ماڈلز متعارف کرانے ہونگے۔

انھوں نے کہا کہ وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے ہاؤسنگ سیکٹر اور صوبوں کو گرین بلڈنگ کوڈ کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائن فراہم کی ہیں، ہم نے ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے صوبوں کی لچکدار تعمیری نظام پر توجہ مرکوز کروائی ہے،ہاؤسنگ سیکٹر کو سیلاب سے 1.2کھرب کا نقصان ہوا، اور اس کی بحالی کیلئے 592بلین درکار ہیں،ہمیں تعمیر کرتے وقت ماحولیاتی خطرات اور گرین بلڈنگ کوڈ کو تعمیری منصوبے کا حصہ بنانا ہوگا، تمام گرین پالیسی اور آب و ہوا کے اقدامات تب ہی کامیاب ہونگے جب وہ مقامی آب و ہوا اور ضروریات کے مطابق ہوں،

شیری رحمان  نے کہا کہ ہمیں کمزور اور متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کرنی چاہیے، ہمیں ان کے دکھ اور تکالیف کو سمجھنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ یہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی عوامی ذمہ داری ہے، شیری رحمان کمزور اور متاثرہ لوگوں کو لچکدار اور کم لاگت والی پناہ فراہم کرنا ہم سب کا اجتماعی فرض اور ذمہ داری ہے۔