سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور،اسلام آباد ہائی کورٹ کا 13دسمبرتک سرنڈرکرنے کا حکم


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کر کے 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم دے دیا۔

سلیمان شہباز کی جانب سے حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس عامر فاروق نے کی جس دوران سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویزعدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

وکیل نے دلائل پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سلیمان شہباز اکتوبر 2018 سے بیرون ملک ہیں اس کے بعد ایف آئی آر ہوئی جس پراعتراض کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ پٹیشنر کی عدم موجودگی میں حفاظتی ضمانت نہیں دی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر وکیل نے کہا کہ11 دسمبر سعودی ایئرلائن پر سلیمان شہباز پاکستان واپس آئیں گے تاہم ایئرپورٹ سے عدالت آنے تک سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا جائے،وکیل کی جانب سے سلیمان شہباز کے ٹکٹ کی تفصیل بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔

دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایئرپورٹ پر سلمان شہباز کو گرفتار نہ کرنے اور 13 دسمبر تک سرنڈر کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔