اسلام آباد(صباح نیوز)صدر عارف علوی سے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن ، کیپٹن (ر) زاہد سعید نے ملاقات کر کے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی سے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن ، کیپٹن (ر) زاہد سعید نے ملاقات کر کے سالانہ رپورٹ پیش کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن ملک کا اعلیٰ ترین امتحانی ادارہ ، اسے ہر لحاظ سے بہترین ہونا چاہیے ، کمیشن کے ممبران کی مہارت ، امتحان ، انٹرویو اور سرکاری عہدوں پر بھرتی کیلئے موزوں امیدواروں کے انتخاب کا طریقہ کار عالمی معیار کے مطابق ہونا چاہیے، ملازمت کے لیے مناسب شخص کے انتخاب کو یقینی بنا کر سول سروس کے معیار میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔
صدر مملکت نے سرکاری عہدوں پر بھرتی کیلئے امتحان کے طریقہ کار کو بروقت اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ انٹرویوز کے لیے معیاری سوالات کا انتخاب اور جائزہ لیا جانا چاہیے ، جوابات کو شماریاتی اور سائنسی بنیادوں پر جانچا جانا چاہیے، دنیا بھر میں بہترین طریقوں سے سیکھنے ، تعصبات ختم کرنے کیلئے ٹیکنالوجی اور امتحان اور انتخاب کے معیار کو مسلسل بہتر کیا جانا چاہیے۔
صدر مملکت عارف علوی نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کمیشن کو بہترین شہرت اور متعلقہ تجربے کے حامل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں ، بھرتی کے عمل کو جدید ترین انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ٹولز کی مدد سے موثر اور شفاف بنایا جائے۔
صدر مملکت نے اقلیتوں ، دیہی سندھ میں خواتین کے کوٹے اور بلوچستان کے لیے کوٹے کی اسامیوں پر نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر کوٹے کی آسامیاں ترجیحی بنیادوں پر پر کی جائیں۔ چیئرمین ایف پی ایس سی نے کمیشن کی سالانہ رپورٹ 2021 بھی صدر مملکت کو پیش کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال، کمیشن نے کورونا کے باوجود متعلقہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ قومی سطح کے امتحانات بخوبی منعقد کیے ، جنرل بھرتی کے تحت، FPSC کو 2021 کے دوران 509,955 درخواستیں موصول ہوئیں، اور مختلف آسامیوں پر تقرری کے لیے 2161 امیدواروں کی سفارش کی۔2021 میں، کمیشن کو سی ایس ایس امتحان 2021 کے لیے 39,650 درخواستیں موصول ہوئیں، سی ایس ایس 2021 میں 17,240 امیدوار شریک ہوئے، 365 امیدوار وں نے امتحان کے تحریری حصے کو پاس کیا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمیشن نے سی ایس ایس امیدواروں کے لیے پہلی بار کثیر الانتخابی سوالات پر مبنی ابتدائی ٹیسٹ منعقد کیا، 61,725 درخواستیں موصول ہوئیں۔