حکو مت کا قومی اداروں کے احترام پراتفاق رائے پیداکرنے کیلئے قومی مذاکرات کا فیصلہ ،قومی چارٹر کی تیاری شروع کردی گئی

اسلام آباد(صباح نیوز)حکو مت نے قومی اداروں کے احترام پراتفاق رائے پیداکرنے کیلئے قومی مذاکرات کا فیصلہ کرلیا  قومی چارٹر کی تیاری شروع کردی گئی ،قومی سلامتی کی پالیسی کے تحت جامع حکمت عملی بھی ترتیب دے دی گئی ، پارلیمانی جماعتوں میں اتفاق رائے کے لئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو پالیسی سے آگاہ کردیاگیا ۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے  وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے خصوصی ملاقات میں  اور  بتایا کہ   قومی اداروں کے احترام پراتفاق رائے پیداکرنے کیلئے ملک گیرڈائیلاگ اوربحث ومباحثہ کا آغازکیا جائیگا۔حکومت نے قومی سلامتی پالیسی کے تحت ایک جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے تاکہ قومی مسائل پر سیاسی قیادت کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔  چیئرمین سینیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر برائے پارلیمانی امور نے بتایا کہ قومی اداروں کے احترام پراتفاق رائے پیداکرنے کیلئے ملک گیرڈائیلاگ اوربحث ومباحثہ کا آغازکیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آہنگی اور بحث و مباحثہ کو فروغ دینے کیلئے منتخب کئے گئے موضوعات میں دیگر پہلووں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر نے اس پورے عمل کا تفصیلی جائزہ پیش کیا-انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوامی خواہشات کا مظہر ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ، پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے اعلی عہدیدار کی حیثیت سے اس عمل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

 وزیر نے کہا کہ ہم متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی شناخت اور اتفاق رائے کے قومی چارٹر کو تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی، اہم قومی مفادات اور علاقائی سالمیت کے خلاف منفی بیانیے کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد اور ہم آواز ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف نظریات کے لوگوں، سیاسی وابستگیوں،ماہرین اور دیگر کے ساتھ مشاورتی اجلاس سب کو ساتھ لے کر چلنے کا موقع فراہم کرے گا۔  انہوں نے کہا کہ ہم اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں اور اہم مسائل پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے وزیر برائے پارلیمانی امور کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کو مزید تیز اور مضبوط بنانے کے لیے پرامن بقائے باہمی اور قومی ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک قومی مقصد ہے اور مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔  چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ یہ کوشش عوام کی فلاح و بہبود، سلامتی، وقار اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔قبل ازیں وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے بھی ملاقات کی ۔۔