اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا حالیہ بیان پارلیمانی جمہوری نظام پر حملوں کا تسلسل ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ عمران خان کی سیاست کا مقصد فقط اقتدار کا حصول ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا حالیہ بیان پارلیمانی جمہوری نظام پر حملوں کا تسلسل ہے، پی ٹی آئی چیئرمین اقتدار چاہتے ہیں چاہے اس سے ملک کو جو بھی نقصان پہنچے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو توسیع دے کر بہت بڑی غلطی کی تھی۔ فوج میں کبھی کسی کو توسیع نہیں ملنی چاہیے، سابق آرمی چیف نے ہمارے ساتھ ڈبل گیم کھیلی۔ آئندہ سال مارچ یا اس مہینے کے آخر تک الیکشن کے لیے تیار ہیں تو اسمبلیاں تحلیل کرنے سے رک جاتے ہیں۔