اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ تجارت، توانائی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اورتعاون کوبہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیراویبک عثمانوف سے ملاقات میں کہی ۔وزیر خزانہ نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات،گہرے ثقافتی اور تاریخی روابط کی اہمیت اجاگرکی ۔وزیر خزانہ اور جمہوریہ ازبکستان کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ازبکستان کے سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار کو بڑھانے کے ذریعے تعلقات کو فروغ اوروسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
انہوں نے اپنی حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ کو پاک ازبک مشترکہ وزارتی اجلاس کی شریک صدارت کے لیے جنوری 2023 میں تاشقند کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پاکستان ازبکستان کے ساتھ تجارت، توانائی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میںدو طرفہ تعلقات اورتعاون کوبہت اہمیت دے رہی ہے ۔انہوں نے ازبک سفیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کی فراہمی کایقین دلایا۔۔