ملک میں کہیں بھی کسی کمزور کے ساتھ نا انصافی اور زیادتی نہیں ہونے دیں گے،مولانا فضل الرحمن

کراچی (صباح نیوز)پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ  مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وہ ملک میں کہیں بھی کسی کمزور کے ساتھ نا انصافی اور زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجاہد کالونی کراچی کے متاثرین کے وفد کے ساتھ جے یوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

متاثرین نے مولانا فضل الرحمن کو اپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا، مولانا نے متاثرین کے مسائل تفصیل سے سنے اور انہیں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ متاثرین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر سندھ حکومت سے بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام روز اول سے مجاہد کالونی کے معاملے میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ملاقات میں متاثرین کے وفد کے علاوہ جے یوآئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد اسلم غوری، مولانا عبدالکریم عابد، قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث، مولانا تاج محمد ناہیوں ، مولانا سمیع الحق سواتی ، حاجی امین اللہ ، شرف الدین اندھڑ ، مولانا ناصرمحمود سومرو، مولانا عبدالرشید نعمانی، مولانا احسان اللہ ٹکروی ، مولانا فتح اللہ ، مولانا سید حماد اللہ شاہ، مفتی عبدالحق عثمانی ، سیداکبرشاہ ہاشمی، مولانا زرین شاہ ، قاری نورالامین، مولانا اجمل شیرازی ، قاری فیض الرحمن عابد ، جمال کاکڑ ودیگر بھی موجود تھے ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نہ صرف مجاہد کالونی بلکہ ملک بھر میں کہیں بھی کسی کو خلاف قانون اس طرح کی کارروائیوں کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سنے بغیر انہیں ان کے گھروں سے محروم کرنا ٹھیک نہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ غریب عوام کو یک طرفہ اور بے رحمانہ اقدامات سے ان کے گھروں سے بے دخل کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مجاہد کالونی کے متاثرین کو فی الفور اعتماد میں لے اور مزید کارروائی روکے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ متاثرین کو متبادل جگہ کی فراہمی تک جے یوآئی مزید کسی کارروائی کی اجازت نہیں دے گی۔دریں اثنا جے یوآئی سندھ کراچی کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے ان پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز کریں اور گھرگھر عوامی رابطہ مہم چلائیں ۔ بعد ازاں مولانا فضل الرحمن اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے کراچی ائیرپورٹ پر جے یوآئی رہنماں مولانا راشد محمود سومرو ، محمد اسلم غوری ، مولانا عبدالکریم عابد، ڈاکٹر نصیرالدین سواتی مولانا محمد غیاث ، سمیع سواتی ، شرف الدین اندھڑ ودیگر نے انہیں الوداع کیا ۔