وزیراعظم سے آرمی چیف سید عاصم منیر کی ملاقات،عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی ملاقات، پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عہدہ سنبھالنے کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف جنرل  سید عاصم منیر  نے گزشتہ روز یہاں وزیراعظم آفس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، وزیراعظم نے عہدے کا چارج لینے پر آرمی چیف کو مبارکباد دی ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی قیادت کرنا ایک بڑا اعزاز ہے، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں مسلح افواج ملکی سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مزید بہتر طریقے سے مقابلہ کرے گی۔

  وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے،مادر وطن کے تحفظ و سلامتی اور دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے میں پاک فوج کے کردار پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔