اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صاف شفاف انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں، تیزی سے بگڑتی معاشی صورتحال قومی بقا و سلامتی کیلئے غیرمعمولی خطرات کو ہوا دے رہی ہے۔
مجلسِ وحدت المسلمین کے اعلیٰ سطحی وفد نے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی سربراہی میں گزشتہ روز زمان پارک کا دورہ کیا اور سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال، دونوں جماعتوں کے مابین اشتراکِ عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مجلس وحدت السلمین نے راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے فقیدالمثال انعقاد پر عمران خان کو مبارکباد پیش کی اور آئندہ سیاسی حکمتِ عملی کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان پیچیدہ ترین سیاسی و معاشی چیلنجز کا شکار ہے، حقیقی آزادی کے بیانیے کو تمام مکاتبِ فکر میں غیرمعمولی قبولیت اور پذیرائی میسر ہے، فوری صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے ذریعے بحران کے حل کی تدبیر کے عمران خان کے مقف کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے پر تحریک انصاف کی قیادت کے شانہ بشانہ رہیں گے۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ مجلسِ وحدت المسلمین سے سیاسی اشتراکِ عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حقیقی آزادی مارچ راولپنڈی میں مجلسِ وحدت المسلمین کے کارکنان و زعما کی شرکت قابلِ تحسین ہے، فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں، تیزی سے بگڑتی معاشی صورتحال قومی بقا و سلامتی کیلئے غیرمعمولی خطرات کو ہوا دے رہی ہے، ملکی ترقی کی پائیدار بنیادوں کیلئے آئین و قانون کی بالادستی کا حصول لازمی جزو ہے، تمام شعبہ ہائے زندگی اور مکاتبِ فکر سے آگے بڑھ کر پاکستان کو دستور و قانون کی راہ پر چلانے کی تحریک میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔