وزیراعظم کا آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ٹیلی فون، عہدہ سنبھالنے پر مبارک دی

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کا چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ٹیلی فون، آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک پیش کی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ٹیلی فون کیا،وزیراعظم شہبازشریف نے جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک پیش کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہادر پاکستان آرمی کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے،

پاک آرمی کو آپ جیسا پیشہ وارانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے، پورا یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے تحفظ و سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے سمیت سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ تعالی آپ کی مدد و راہنمائی فراہم فرمائے، وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے ہمارا بھرپور تعاون آپ کومیسر رہے گا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیک تمنائوں کے اظہار اور مبارک پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔