اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے اس بات کی فوری ضرورت ہے کہ صنعتی ممالک اپنے موسمیاتی مالیاتی وعدوں کو پوراکریں اورموسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے پرتوجہ دیں۔
انہوں نے ترکیہ کے خبررساں ادارے کو ایک انٹرویومیں موسمیاتی تبدیلی سے شدیدمتاثر ہ ترقی پذیرممالک کومعاوضے کی فراہمی کے لئے نقصان اورازالے کے فنڈکے قیام کاخیرمقدم کیا۔وزیراعظم نے تجویز دی کہ بین الاقوامی برادری کوموسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے قرضوں کی معافی کے امکانات کابھی جائزہ لیناچاہیے۔
تنازعہ کشمیراوربھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کومکمل طورپرمعمول پرلانے اور تجارتی تعلقات بحال کرنے کے لئے ضروری ہے کہ بھارت پانچ اگست دوہزارانیس کے اقدامات کوواپس لے جس کے نتیجے میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرکی محدود خودمختاری کوختم کیاگیاتھا۔
وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی اور وہاں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کاعمل فوری ختم کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم اس بات پرپختہ یقین رکھتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کوحل کئے بغیرپائیدار امن قائم نہیں کیاجاسکتا۔۔