راولپنڈی (صباح نیوز)پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب کل (منگل کو) ہوگی۔ پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کل (منگل کو) جنرل ہیڈ کوارٹر(جی ایچ کیو)میں منعقد ہوگی ،
اس تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک پروقار عسکری تقریب میں آرمی کمان کی علامت” ملاکا سٹک” نئے حافظ قرآن اور اعزازی شمشیر یافتہ جنرل سید عاصم منیر کو دیں گے جس کے بعد سبکدوش ہونے والے آرمی چیف تقریب گاہ سے اپنی رہائش گاہ واپس چلے جائیں گے ۔
اعزازی شمشیر یافتہ پہلے حافظ قرآن سپہ سالار پاکستان سبکدوش ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہاکی سٹیڈیم جی ایچ کیو کے باہر تک جا کر الوداع کہیں گے۔ بعدازاں ایئرچیف نیول چیف کور کمانڈر صاحبان اور پاکستان آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل صاحبان میجر جنرل صاحبان اپنے نئے آرمی چیف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیں گے۔
اس تقریب میں مسلح افواج کے سینکڑوں سینئر عہدیدار اپنی اپنی فیملی کے ساتھ شرکت کریں گے۔جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے 16ویں آرمی چیف ہیں جبکہ جنرل عاصم منیر پاک فوج کی کمانڈ سنبھالنے والے 17ویں آرمی چیف ہوں گے۔