آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی صدر و وزیراعظم سے الوداعی ملاقاتیں

اسلام آباد(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم میاں شہباز شریف سے الوداعی ملاقاتیں کیں ۔صدر و وزیراعظم نے سبکدوش ہونیوالے آرمی چیف کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔

کل(منگل )کے روزاپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوموار کے روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف چھ سالہ شاندار خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا،کل (منگل)کے روز بطور چیف آف دی آرمی سٹاف چھ سالہ مدت مکمل ہونے پر ریٹائرڈ ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف سے وزیر اعظم آفس میں الوداعی ملاقات کی۔

ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف ملک کی سلامتی کے لئے شاندار خدمات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔ جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔