اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا مطالبہ آزادی نہیں بلکہ دوبارہ سلیکٹڈ ہونے کا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفوں کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے فلاپ شو کے بعد سابق وزیراعظم مایوس ہو گئے۔انقلاب کے نام پر عوام کو اکٹھے کرنے پر وہ ناکام ہو گئے، نئے سربراہوں کی تقرریوں کے معاملے پر ناکامی کے بعد مایوس ہو کر انہوں نے استعفوں کا ڈرامہ رچایا۔
وفاقی وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ عمران خان کا راولپنڈی سے جلسے کے دوران مطالبہ آزادی نہیں بلکہ دوبارہ سلیکٹڈ ہونے کا ہے۔بلاول نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ کب تک کے پی اور پنجاب کو سیاسی سہارے کے طور پر استعمال کیا جائے گا؟