پنجاب بھر میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد گرفتار


لاہور(صباح نیوز)پنجاب بھر میں کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 9 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیوں کے دوران گرفتار دہشتگردوں سے 2 آئی ای ڈی بم، 2768 دھماکہ خیز مواد، 13 ڈیٹونیٹر برآمد کر لیے گئے ہیں، حفاظتی فیوز، اسلحہ، نقدی، گولیاں و دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں میں اعظم خان، منصور، فاروق، شامی پرویز، محمد صدیق، عبدالمنان، اسماعیل، عبدالرزاق،محمد بلال شامل ہیں۔لاہور سے بھی دہشت گرد عبدالرزاق گرفتار کیا گیا، دہشت گرد اہم تنصیبات، شخصیات اور سرکاری عمارات پر تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ایک روز میں پنجاب بھر میں 25 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے، 7 روز میں 372 کومبنگ آپریشنز کے دوران 21 ہزار 111 افراد سے پوچھ گوچھ کی گئی جن میں سے 36 مشتبہ افراد کو گرفتار، 33 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنا کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔