علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی گیارہویں جماعت کی کتاب عمرانیات میں متنازعہ مواد کا معاملہ سینیٹ میں پہنچ گیا

اسلام آباد (صباح نیوز)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی گیارہویں جماعت کی کتاب عمرانیات میں  متنازعہ مواد کا معاملہ سینیٹ میں پہنچ گیا،

جے یو آئی کے رہنما امیر جے یو آئی خیبرپختونخوا مولانا سنیٹر مولانا عطا الرحمان نے  علامہ اقبال یونیورسٹی کے سلیبس سے متعلق ایوان بالا میں توجہ دلائو نوٹس جمع  کروادیا۔ منگل کو  جمع ہونے والے اس نوٹس کی دستیاب  کاپی کے مطابق  سنیٹر مولانا عطا الرحمان نے  آگاہی دی ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی گیارہویں جماعت کی کتاب عمرانیات میں نو جوان نسل کو ورغلایا جارہا ہے ۔

مذہب کو ترقی کا دشمن بتایا جارہا ہے ۔سلیبس میں خواتین کے پردہ کے متعلق بیہودہ تشہیر کی گئی ہے ۔متن کے مطابق سود کے متعلق طلبہ کا ذہن بنانے کی کوشش کی گئی ہے کہ اس کے بغیر معیشت بالکل ختم ہوجائے گی ۔ مولانا  عطا الرحمان نے کہا ہے کہ  سود کے متعلق قرآن و سنت میں واضح احکامات موجود ہیں ۔ آئین پاکستان کے ماورا اس قسم کے شر انگیز نصاب کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔توقع ہے کہ سینیٹ کے آئندہ اجلاس میں یہ معاملہ اٹھے گا ۔