فیصل کریم کنڈی سے امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی پولیٹیکل آفیسر ٹریسا چانگ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال


اسلام آباد(صباح نیوز)امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی پولیٹیکل آفیسر ٹریسا چانگ نے اسلام آباد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ٹریسا چانگ سیاسی مسائل، انسانی حقوق اور لیبر سے متعلق امور کی ماہر ہیں۔ ان کے ہمراہ امریکی سفارتخانے، اسلام آباد کے ماہر سیاسیات محمد آفتاب قریشی بھی تھے۔

فیصل کریم کنڈی اور ٹریسا چانگ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔فیصل کریم کنڈی نے مختلف شعبوں میں امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاست دان مل بیٹھ کر نظام کو احسن طریقے سے چلانے کے امکانات پر بات کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں 2008-13 کے مشکل وقت کے باوجود، جب پاکستان میں دہشت گردی عروج پر تھی اور حکومت لاکھوں بے گھر افراد کو درپیش مسائل کا سامنا کر رہی تھی، ہم نے پاکستان میں مفاہمت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عالمی اور علاقائی طاقتوں کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی فوائد سے پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔