اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورسردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں عالمی بینک کی معاونت کا کلیدی کردار رہا ہے اور یہ کردار مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہئے۔
انہوں نے یہ بات یہاں عالمی بینک کے علاقائی ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا جان اے روم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
اس موقع پرپاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی مسلسل معاونت کی تعریف کی اورکہا کہ 1950 سے لے کر اب تک عالمی بینک نے پاکستان کو 31.1 ارب ڈالرکی مالی معاونت فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں عالمی بینک کی معاونت کا کلیدی کردار رہا ہے اور یہ کردار مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہئے۔ وزیر اقتصادی امور نے حالیہ سیلاب کے بعد امدادو بحالی کے کاموں میں عالمی بینک کی معاونت کو سراہااور کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں عالمی بینک کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی بینک بنیادی ڈھانچہ، زراعت ، دیہی و شہری ترقی ، انسانی سرمایہ، سماجی خدمات اور پائیدار نمو میں پاکستان کی معاونت کررہا ہے۔ عالمی بینک کے علاقائی ڈائریکٹرنے وزارت اقتصادی امور کے موثر اورفعال کردار کوسراہا۔ ملاقات میں پاکستان میں عالمی بینک کے مستقبل کے منصوبوں سندھ اوربلوچستان میں سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیرنو کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ان منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے رابطہ کاری کو موثر بنانے پر زور دیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ضمن میں وزارت اقتصادی امور نے اپنے طریقہ کار کو تبدیل کردیا ہے، اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ وزارت اقتصادی امور صرف معاہدوں پر دستخط نہ کرے بلکہ ان معاہدوں پر تیزی سے عملدرآمد کو بھی یقینی بنائے۔ وزارت اقتصادی امور اس بات کو بھی یقینی بنا رہی ہے کہ منصوبوں کی موثر نگرانی ہو اور فنڈز کا موثراور بہتر استعمال یقینی بنایاجاسکے۔
انہوں نے کہا کہ غیرملکی معاونت سے چلنے والے منصوبوں کی نگرانی کیلئے رابطہ کاری کے ضمن میں سٹیرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس موقع پر وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری نے کہا کہ تاخیر کا شکار منصوبوں پر تیزی سے پیشرفت کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے وزارت میں طریقہ کار وضع کرلیا ہے۔ سیکرٹری اقتصادی امور نے بتایا کہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے حوالے سے وزارت اقتصادی امور کی ٹیم عالمی بینک کی ٹیم کے ساتھ موثررابطے میں ہیں۔۔