لاہور ہائی کورٹ ،شیخ رشید مسجد نبویۖ واقعہ میں بے گناہ قرار، ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو مسجد نبویۖ واقعہ میں بے گناہ قرار دے دیا۔بدھ کو جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے مسجد نبویۖ کے افسوسناک واقعہ پر شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے پر سماعت کی۔

تفتیشی افسر نے شیخ رشید اور راشد شفیق کو توہین مذہب مقدمے میں بے گناہ قرار دے دیا۔ عدالت نے شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کی جانب سے دائر درخواستیں مقدمہ خارج کرنے نمٹا دیں۔عدالت نے شیخ رشید اور راشد شفیق کو درج مقدمات سے متعلق ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف مسجدِ نبویۖ واقعہ پر ایک ہفتے میں واقعے کی فوٹیج میں نظر آنے والے تمام افراد کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے قرار دیا تھا کہ مسجد نبویۖ واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری تک شیخ رشید کا مقدمہ خارج نہیں کریں گے۔

یہاں راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان 20 یا 21 نومبر کو راولپنڈی پہنچیں گے، عدلیہ کا فرض ہے الیکشن کی راہ نکال کر لوگوں کو افراتفری سے نکالے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایک تعیناتی پر ہیجان پیدا کیا گیا ہے، ملک میں بحران سنگین ہوتا جارہا ہے، اب ساری ذمہ داری عدلیہ کے کندھوں پر آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو اہم تعیناتی ہونی ہے اس سے متعلق مجھ سے کسی نے نہیں پوچھا۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ جو بھی چیز یہ نکالتے ہیں وہ عمران خان کے حق میں جاتی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ سائفر کے معاملے پر عمران خان نے کوئی یوٹرن نہیں لیا، ہم تمام ملکوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔