لاہور (صباح نیوز) خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے پیر کے روز لاہور جنرل ہسپتال میں بریسٹ کینسر اور جینیٹک پریسٹ سکریننگ سنٹر کا افتتاح کیا ۔ پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں مختلف شعبوں پر بریفنگ دی ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ چھاتی کا کینسر مہلک بیماری ہے اور اس کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔خاتون اول نے کہا کہ اگر ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور علاج کر لیا جائے تو 90 فیصد سے زائد مریض صحت یاب ہوسکتے ہیں اور ان کی شرح اموات میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سال تقریبا 90 ہزار سے ایک لاکھ افراد میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوتی ہے اور تقریبا 50 فیصد مریض تشخیص اور علاج میں تاخیر کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس کی وجہ سے اسکریننگ کے لیے ہسپتالوں میں آنے والی خواتین اور لڑکیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس سے اس مرض کی آگاہی اور اُس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاہے کہ چھاتی کے کینسر کی وجہ سے ہر سال 40 ہزار اموات باعث تشویش ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین چھاتی کے کینسر کی علامات کو بر وقت جانیں اور تشخیص کے لئے ہر مہینے 5 منٹ کا وقت نکالیں کیونکہ بروقت تشخیص سے تکلیف اور علاج میں خرچے کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بروقت تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے چھاتی کا کینسر خاموشی سے پھیلتا رہتا ہے، خواتین معاشرتی اقدار کی وجہ سے اس مرض کے بارے میں بات نہیں کرتیںلیکن اب میڈیا اور تیزی سے پھیلتی ہوئی آگاہی نے اس سلسلے میں آسانی پیدا کر دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پہلی اسٹیج میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص سے بچاؤ کے امکانات 98 فیصد تک ہیں۔انہوں نے کہاکہ خواتین چھاتی کے کینسر سے بچاؤ کیلئے صحت مند طرز زندگی اپنائیں، متوازن غذا کھائیںتاکہ انہیں اس مرض میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اور نرسز کی مدد سے چھاتی کے کینسر کی آگاہی پھیلانا حکومت کا احسن اقدام ہے اور اس سلسلے میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر چلائی جانے والی مہم بھی قابل ستائش ہے۔
خاتون اول نے کہا کہ مرد حضرات بھی اس مہلک بیماری کا شکار ہو رہے ہیں لیکن ان کی شرح ابھی بہت کم ہے ان کو بھی چاہیے کہ وہ باقاعدگی سے اپنا معائنہ کروائیں کیونکہ پاکستان تب ہی ترقی کرے گا جب اسکے عوام صحت مند ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ بریسٹ کلینک میں خواتین کی بریسٹ کینسر کی تشخیص کی سہولت ہو گی اور کلینک میں علاج کی مفت سہولت میسر ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال خواتین کی امراض کے لئے خصوصی سروسز مہیا کر رہا ہے جبکہ کینسر سے لے کر دیگر تمام بیماریوں کی آگاہی کے لئے سیمینارز کے انعقاد سمیت ضروری اقدامات کیے جاتے ہیں۔انہوں نے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کی آمد کو سراہا اور اسے خواتین میں بریسٹ کینسر کی آگاہی کے سلسلے میں سنگ میل قرار دیا ۔
تقریب میں پروفیسر عائشہ شوکت،پروفیسر آمنہ جاوید،پروفیسر محمد معین ، پروفیسر شاہد،پروفیسر فہیم ،پروفیسر طاہر صدیق،پروفیسر طاہر رشید،پروفیسر انجم فاروق،ڈاکٹر غزالہ روبی،ڈاکٹر عرفان ملک ، ڈاکٹر عبدالعزیز ،ڈاکٹرخالد بن اسلم ، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور ڈاکٹر نادیہ ارشد سمیت دیگر پروفیسر صاحبان اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔