لندن میں استخارہ کی میٹنگ 7 روزہ چلے میں بدل گئی،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لندن میں استخارہ کی میٹنگ 7 روزہ چلے میں بدل گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تعیناتی پسند نہ پسند پر نہیں آئین اور قانون کے مطابق ہوگی۔ ایف آئی آر کٹ نہیں رہی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ نہیں مل رہی ہے۔ وزراء دفتر نہیں جارہے ہیں حکومت ٹھپ ہوگئی ۔

انہوں نے کہا کہ احتساب ، حساب اور انتخاب ہو کررہے گا۔ نومبر کی 30 تاریخ کے بعد 13 پارٹیاں تتر بتر ہوجائیں گی۔ مفرور ملزم لندن میں بیٹھے اہم فیصلوں کے نام پر قوم کا مذاق اڑا رہے ہیں، پندرہ دن اہم ہیں۔ راولپنڈی پہنچنے پر عمران خان کا تاریخی استقبال کروں گا۔