گجرات،لانگ مارچ کی سکیورٹی کیلئے بھاری پولیس نفری تعینات


گجرات(صباح نیوز) گجرات میں پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کی سکیورٹی کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔گجرات میں اندرونِ شہر جی ٹی روڈ پر راستوں کو بند کیا گیا۔رام تلائی چوک اور جی ٹی ایس چوک کی طرف جانے والے تمام راستے بھی بند کئے گئے ۔

اندرونِ شہر دکانیں اور پیٹرول پمپس کے ساتھ ساتھ لانگ مارچ کے روٹ پر تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی و پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کا جاری کیے گئے

بیان میں کہا کہ گزشتہ روز حقیقی لانگ مارچ کا وزیر آباد سے دوبارہ آغاز ہو گیا، عوام نے خوف کے تمام بت توڑتے ہوئے ایک بار پھر مارچ میں بھرپور شرکت کی ہے۔

مسرت جمشید چیمہ نے یہ بھی کہا ہے کہ گجرات کا حقیقی آزادی مارچ غاصب حکمرانوں کے خلاف عوام کا پیغام ہے ۔

واضح رہے کہ 28اکتوبر کو پاکستان تحریکِ انصاف نے اسلام آباد کے لیے لبرٹی چوک لاہور سے اپنے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا۔