مصطفی نواز کھوکھر نے استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو جمع کروادیا


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماسینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق سنجرانی کو جمع کروادیا۔

مصطفی نواز کھوکھر نے جمعرات کے روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرابی سے ملاقات کی اور ان تحریر ی طور پر ہاتھ سے لکھا ہوا استعفیٰ جمع کروایا۔

اپنے تحریری استعفیٰ میں مصطفی نواز کھوکھر نے لکھا ہے کہ وہ سینیٹر فاروق حمید نائیک کے ذریعہ ملنے والی ہدایات کی روشنی میں بطور رکن سینیٹ مستعفی ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مصطفی نواز کھوکھر نے سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا،مصطفی نوازکھوکھر 2018 میں پیپلزپارٹی کی نشست پر سندھ سے سینیٹرمنتخب ہوئے تھے۔۔

بعدازاں چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق سنجرانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر کا سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ منظور کر لیا۔

چیئرمین سینیٹ کی جانب سے استعفیٰ منظور کرنے کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے مصطفی نواز کھوکھر کی سینیٹ نشست خالی ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن سیکرٹری سینیٹ سیکرٹریٹ محمد قاسم صمد خان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مصطفی نواز کھوکھر نے چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی سے جمعرات کے روز ملاقات کی اور ہاتھ سے لکھا ہوا استعفیٰ پیش کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے مصطفی نواز کھوکھر کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کی سینیٹ نشست 10نومبر سے خالی قراردے دی۔

واضح رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر 2018میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر سندھ سے رکن سینیٹ منتخب ہوئے تھے۔ ZS