اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ عوامی پیسہ کے غلط استعمال سے بھی عوام کا اعتماد خراب ہوتا ہے،
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اگر آپ انتخابات جیتتے ہیں تو اپنی ترامیم لائیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہ میں بینچ نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی یو اے ای بھی منی لانڈرنگ کے کمزور قوانین کی وجہ سے گرے لسٹ میں ہے،
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عوامی پیسہ کے غلط استعمال سے بھی عوام کا اعتماد خراب ہوتا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اپ کی باتیں پارلیمنٹ کیلئے اچھی تقریر ہے، سننے کیلئے پارلیمنٹ میں ہونا بھی چاہیے، اگر آپ انتخابات جیتتے ہیں تو اپنی ترامیم لائیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ دنیا کا ہر ملک کرپشن قوانین اور سزاوں کو سخت کرنے کا کہہ رہا ہے، سوئس اکاؤنٹس کیس میں کیس ختم ہوتے ہی سارا ریکارڈ غائب کردیا گیا۔ نیب ریفرنسز میں بھی اصلی دستاویزات نہ ہونے سے ملزمان بری ہوئے، 31 اے ختم نہ ہوتا تو اسحاق ڈار واپس نہیں اسکتے تھے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اگر کوئی ایسا کرے گا تو عوام اس کو ووٹ نہیں دیں گے، کیا عدالت پارلیمنٹ کو ترامیم لانے سے روک دے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ پورا نظام مفلوج کیا جا رہا ہے، کیس کی مزید سماعت آج بروز جمعرات تک ملتوی کردی گئی۔