چین کی جانب سے پاکستان کو ہیپاٹائٹس اے کی ویکسین کا عطیہ


اسلام آباد(صباح نیوز)چین کی جانب سے پاکستان کو ہیپاٹائٹس اے کی ویکسین کی ایک لاکھ خوراک عطیہ دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیوناییزیشن کے زیر اہتمام  تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل نے تقریب کی صدارت کی۔

اس موقع پر چین نے پاکستان کو ہیپاٹائیٹس اے ویکسین کی ایک لاکھ خوراک عطیہ دیں جبکہ  وزیرصحت عبد القادر پٹیل نے ساینوویک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گا چیانگ سے عطیہ وصول کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب  میں وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے  چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران بھی چین فورا پاکستان کی مدد کو آیا۔سیلاب کی بدولت پاکستان کو شدید جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا حصہ ایک فیصدبھی نہیں تاہم تباہی کا سامنا ہمیں ہے۔ وفاقی وزیرصحت عبدالقادرپٹیل  نے کہا ہے کہ چین کی تیار کردہ کورونا ویکسین سائنو ویک نے پاکستانیوں کو وبا سے محفوظ رکھا۔پاکستان نے بہتر حکمت عملی اپنا کر کورونا وبا پر قابو پایا۔