الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور نے25 مستحق خاندانوں میں جہیزباکس تقسیم کر دیئے


لاہور ( صباح نیوز )الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام 25 مستحق خاندانوں میں جہیزباکس تقسیم کر دیئے گئے-

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور شادی پروگرام کی انچارج محترمہ رخسانہ ارشد نے کہا کہ والدین کی سب سے اہم ذمہ داری اپنی بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنا ہے جبکہ موجودہ مہنگائی کے دورمیں اس فریضہ کی انجام دہی انتہائی مشکل ہو گئی ہے،

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنی دیگر سماجی و معاشی خدمات کے ساتھ ساتھ یہ فریضہ بھی کئی سالوں سے بخوبی سرانجام دے رہا ہے اور غریب و مستحق والدین کو جہیز باکس  فراہم کر کے ان کا بوجھ بانٹنے کی کوشش کر رہا ہے – جہیز پیکج میں دلہا و دلہن کے کپڑے، برتن، کچن میں استعمال ہونے کی اشیا، بستر، جیولری ودیگر اشیا شامل ہیں جس سے نیا شادی شدہ جوڑا اپنی نئی زندگی بخوبی شروع کر سکتا ہے –

انہوں نے کہا کہ جن خاندانوں کو جہیز باکس  فراہم کئے گئے ہیں دعا ہے کہ اللہ تعالی ان بچیوں کے نصیب اچھے فرمائے اور وہ ایک کامیاب زندگی کے ساتھ ایک نیاسفر شروع کر سکیں –

انہوں نے کہا کہ ان مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کرنا بھی انتہائی ضروری ہے جو انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں -انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن مستحق بچیوں کی شادی میں معاونت سمیت صاف پانی کی فراہمی، یتیم بچوں کی کفالت و تعلیم وتربیت، قدرتی آفات میں متاثرین کی مد د و بحالی اور مستحقین کو علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔۔