حکومت مہنگائی پرقابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، اسحاق ڈار


اسلام آباد(صباح نیوز):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ معاشرے کے اقتصادی طورپرکمزورطبقات کوروزمرہ استعمال کی ضروری اشیا کی ارزاں نرخوں پرفراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں یوٹیلیٹی سٹورز کے زریعہ وزیراعظم ریلیف پیکج کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت مہنگائی پرقابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے کے اقتصادی طورپر کمزور اورپسماندہ طبقات کو روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اس موقع پر وزیرخزانہ کویوٹیلیٹی سٹورز کے زریعہ شہریوں کو روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا کی سستے داموں فراہمی کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیاگیا،

علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی اور سعودی قیادت نے وزیراعظم شہباز شریف کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی  ہے جس کے تحت دونوں ملک جون 2023 تک پاکستان کی مالی ضروریات کا خیال رکھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر کی اضافی رقم فراہم کرنے کا امکان ہے جس میں تین ارب ڈالر کے اضافی زخائر اور موئخر ادائیگی پر تیل کی سہولت شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب گوادر میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس تعمیر کرے گا جبکہ چین نے ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے پر کام جلد شروع کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چین اور سعودی عرب نے پاکستان کو 13 ارب ڈالر کا پیکیج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے جس کے تحت چین 4 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کی واپسی روول اوور کرے گا، 3.3 ارب ڈالر کے چینی کمرشل قرضے بھی فراہم کیئے جائیں گے اور 1.45 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ بھی کرے گا۔