امریکا اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا منتظر ہوں، ایرک میئر

 اسلا م آباد(صباح نیوز)امریکا کے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینیئر بیورو آفیشل (ایس بی او) ایرک میئر نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے کام کرنے کا منتظر ہوں۔پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے لیے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کو اسلام آباد میں معدنیات سرمایہ کاری فورم کے انعقاد پر سراہتا ہوں اور اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کرتا ہوں کہ اس نے سرمایہ کاروں کے لیے یکساں موقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

ایرک میئر نے کہا کہ اہم معدنیات ہمارے سب سے اہم ٹیکنالوجیز کے خام مال ہیں، اور صدر ٹرمپ نے امریکا کے معدنیات کے مستقبل کو محفوظ کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ اگرچہ ہم یہاں اسلام آباد میں معدنیات پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے موجود ہیں، میں ہمارے اقتصادی شراکت داری کی دیگر حالیہ کامیابیوں کو بھی اجاگر کرنا چاہتا ہوں۔ہم نے حال ہی میں پاکستان کو امریکی سویابین کی برآمدات بحالی کا جشن منایا۔ پچھلے چند ہفتوں میں سویابین کے 2 لاکھ 60 ہزار ٹن سے زیادہ کے ساتھ 4 جہاز پاکستان پہنچے ہیں۔ یہ امریکی برآمد کنندگان اور پاکستانیوں کے لیے جیت ہے، اور ہم مستقبل میں مزید ایسی کامیابیاں دیکھنے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو چیز مجھے امریکا اور پاکستان کے شراکت داری کے بارے میں سب سے زیادہ پرجوش بناتی ہے وہ یہ ہے کہ ہمارا تعاون ہمارے عوام کے درمیان گہرے اور پائیدار تعلقات پر مبنی ہے۔ آپ میں سے بہت سے افراد نے امریکا میں تعلیم حاصل کی، ہمارے تبادلے کے پروگراموں میں حصہ لیا ہے، اور امریکہ میں خاندان، دوست اور کاروباری شراکت دار رکھتے ہیں۔ میں ہر ایک کے ساتھ مل کر امریکا اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے کام کرنے کا منتظر ہوں۔ایرک میئر نے کہا کہ میں پاکستان کی شاندار مہمان نوازی کا تجربہ کرنے، معدنیات سرمایہ کاری فورم میں شرکت کرنے، اور ہماری اہم شراکت داری کو مزید مستحکم اور فروغ دینے کے لیے اسلام آباد میں موجود ہوں۔۔