عمران خان کو ایک گولی شریان کے قریب لگی، ہڈی میں فریکچر بھی ہوا، ڈاکٹر فیصل سلطان


اسلام آباد(صباح نیوز)ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو مجموعی طور پر گولی کے 4 زخم آئے، ایک گولی مرکزی شریان کے قریب لگی، ایک گولی سے ہڈی میں فریکچر بھی ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیر آباد میں  قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد پہلی بار میڈیا سے گفتگو کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق ایکسرے اور اسکیننگ کی مدد سے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ دائیں ٹانگ میں سابق وزیراعظم کو 4 گولیاں لگیں اور بائیں ٹانگ میں گولیوں کے کچھ ٹکرے لگے، ایک گولی ہڈی تک پہنچی جس سے ہڈی ٹوٹی اور فریکچر بھی ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو دائیں ٹانگ میں ایک گولی مرکزی شریان کے قریب لگی، اگر شریان کو نقصان پہنچتا تو خون تیزی سے بہتا اور زیادہ نقصان ہوتا، اس کے ٹکڑے نکال دیئے گئے ہیں۔