لاہور(صباح نیوز)تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران جاں بحق رپورٹرصدف نعیم کے والد نے کہا ہے کہ بیٹی عمران خان کے انٹرویو والے دن بھی گرتے گرتے بچی تھی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدف نعیم کے والدنے کہا کہ بیٹی بہت محنتی تھی اور انٹرویو کے لیے ہر جگہ پہنچ جایا کرتی تھی۔
والد نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ صدف بیٹوں کی طرح سہارا بنی، انتقال کے بعد صدف کی والدہ اور بچوں کی حالت ناقابل بیان ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدف نعیم کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی جی سی یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں، وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لیے کوشاں رہتی تھی۔
صدف نعیم کے والد نے کہا کہ بیٹی نے پرسوں عمران خان کا انٹرویو کیا تھا وہ اس روز بھی گرتے گرتے بچی تھی جس پر میں نے اسے کہا تھا کہ بیٹا احتیاط کیا کرو لیکن صدف نے مجھے کہا کہ پاپا کچھ نہیں ہوتا۔