لاہور(صباح نیوز)تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سادھوکی کے قریب عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آ کر جاں بحق ہونے والی نجی ٹی وی کی خاتون صحافی صدف نعیم کو سپردخاک کر دیا گیا۔
صحافی صدف نعیم کی نماز جنازہ اچھرہ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔نماز جنازہ میں پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے علاوہ پریس کلب کے عہدیداروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صدف نعیم سادھوکی کے قریب جی ٹی روڈ پر کنٹینر کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئیں تھیں، وہ لانگ مارچ کے قافلے کے ساتھ ساتھ چلتی رہیں اور اس دوران کنٹینر کے ساتھ ساتھ بھاگتی ہوئی بھی نظر آئیں۔