اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی آڈیو سنادی۔آڈیو لیک میں علی امین گنڈا پور ایک شخص سے بندوقیں اور بندے لانے کا کہہ رہے ہیں۔
آڈیو کے متن میں نامعلوم شخص کہتاہے کہ جی علی خان؟ اس پر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں صدر صاحب کیا پوزیشن ہے؟ پھر نامعلوم شخص: سر پوزیشن تو اے ون ہے، آپ سنائیں؟ علی امین گنڈا پور: بندوقیں کتنی ہیں؟ نامعلوم شخص: بہت ہیں۔پھر علی امین گنڈا پور پوچھتے ہیں: لائسنس ؟ اس پر نامعلوم شخص: لائسنس بھی بہت ہیں، پھر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں: بندے؟ جس پر نامعلوم شخص کہتا ہےکہ بندے بھی جتنے چاہئیں ہوں گے سر۔علی امین گنڈا پور: اچھا، ہم یہاں کیمپ لگا رہے ہیں ساتھی ہی قریب ہی کالونی میں، نامعلوم شخص: جی، علی امین گنڈا پور: یہاں قریب ترین جگہ کون سی ہے آخر میں ؟ کون سی کالونی ساتھ لگ رہی ہے۔نامعلوم شخص پوچھتا ہے: ہمارے ہاں ؟ اس پر علی امین گنڈا پور: بارڈر پر، بارڈر پر، اسلام آباد پنڈی کے بارڈر پر، ٹول پلازے کے بعد لیفٹ سائیڈ پر، کون سی جگہ ہے؟
ٹاپ سٹی ہے یا کیپیٹل؟ نامعلوم شخص جواب میں کہتا ہے کہ ٹاپ بھی، کیپیٹل بھی ہے، بہت ساری ہیں بتائیں، اس پر علی امین گنڈا پور: ٹاپ تو ائیر پورٹ پرہے ناں، نامعلوم شخص: ٹاپ تو ائیر پورٹ والی سائیڈ پر ہے ناں، میں نے پورا نقشہ بھیجاتھا آپ کو۔پھر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں کہ وہ ملا ہوا ہے مجھے ، وہ ہے میرے پاس، بس بندے اور سامان آپ تیار رکھیں وہاں پر۔اس پر نامعلوم شخص کہتا ہے کہ سر کوئی مسئلہ نہیں، ان شااللہ۔ علی امین گنڈا پور: بس پھر رابطے میں ہیں، ان شا اللہ اور نامعلوم شخص جواب میں کہتا ہے کہ جی سر، ان شا اللہ۔دوسری جانب اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ علی امین گنڈا پور اسلام آباد میں ہوتا تو گرفتار کرلیتے، کسی بھی آپریشن کی کامیابی کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ اسے آن ائیر نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے خلاف ردعمل دیں گے، عمران خان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔۔