الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے،سڑکوں پر مذاکرات نہیں ہونگے ، مریم اورنگزیب


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ  الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے،عمران خان نے جو کرنا ہے کر لیں اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا،کوئی نا خوشگوار واقعہ ہوا تو اسکا ذمہ دار عمران خان اور پنجاب حکومت ہو گی،اگر ہر ادارہ اپنی آئینی حقوق میں رہ کر کام کرے تو ملک ترقی کرے گا ، بھارت عمران خان کی آئی ایس آئی اور فوج کو دی گئی دھمکیوں کا جشن  منارہا ہے،عمران خان کا سازشی بیانیہ انہی کی آڈیو لیک سے فلاپ ہوگیا،

اسلام آباد میں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب کے بعد بحالی کا عمل جا ری ہے،اتحادی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے،میڈیا نے سیلاب متعلق آگاہی مہم بغیر کسی معاوضے کے چلائی،وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں  کے دورے کیے، 4سال التوا کا شکار منصوبے دوبارہ شروع کیے جا رہے ہیں،ایک شخص نے 4 سالوں میں ملک کو معاشی طورپر دیوالیہ کرنے کی پوری کوشش کی ،وزیراطلاعات نے کہا کہ مہنگائی کو کم کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں ، ہم نے  اس نالائق شخص کو ایک خوشحال پاکستان دیاتھا، عمران خان نے آج تک اپنی 4سالہ کارکردگی پر بات نہیں کی،

وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان اپنی کارکردگی پر ایک جملہ ہی بول کے دکھا دیں ،عمران خان بتا دیں کہ انہوں نے کوئی ایک عوامی فلاح کا منصوبہ لگا یا  ہو،نوازشریف نے اس ملک  کو ایٹمی قوت بنا یا،موٹرویز بنائیں اور معیشت بہتر کی،وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے دماغ سے نوازشریف کا خوف نہیں گیا،عمران خا ن کہتا ہے کہ میں سیلاب میں ڈوبے ملک کو مزید ڈوبوں گا، ورلڈ بینک رپورٹ کے مطابق سیلاب سے ہوئے نقصان کے ازالے میں 10سال لگ سکتے ہیں ،عمران خان کہتا ہے کہ میں اسلام آبادپر چڑھائی کروں گا، انھوں نے کہا کہ بھارت عمران خان کی آئی ایس آئی اور فوج کو دی گئی دھمکیوں کا جشن  منارہا ہے،عمران خان کا سازشی بیانیہ انہی کی آڈیو لیک سے فلاپ ہوگیا۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان شہبازشریف اور خواجہ آصف کے ہرجانے کے نوٹس کا جواب دے، سیاست میں مذاکرات کا آپشن ہمیشہ رہتا ہے، لیکن مذاکرات  سیاست دانوں کیساتھ ہو سکتے ہیں فارن فنڈڈ فتنے کیساتھ نہیں ،گالی،دھمکی دھونس سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے،سڑکوں پر مذاکرات نہیں ہونگے،وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیا ملکی مفادات کے ساتھ  کھیلنے والوں سے مذاکرات ہونے چاہئیں؟لاشیں بکھیرنے اور خونی مارچ کی بات کرنے والوں کیساتھ مذاکرات نہیں ہونگے،عمران خان نے زکوتہ کا پیسہ اپنے سیا سی مقاصد کیلئے استعمال کیا،25مئی کو مسلح لوگ پکڑے گئے  تھے، عمران خان نے جو کرنا ہے کر لیں اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا،اگر کوئی نا خوشگوار واقعہ ہوا تو اسکا ذمہ دار عمران خان اور پنجاب حکومت ہو گی،اگر ہر ادارہ اپنی آئینی حقوق میں رہ کر کام کرے تو ملک ترقی کرے گا ۔