پی ٹی آئی لانگ مارچ: پیمرا نے چینلز کیلئے ہدایات جاری کر دیں


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کی لائیو کوریج اور تقاریر سے متعلق چینلز کو ہدایات جاری کر دیں۔پیمرا کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران پی ٹی آئی رہنماوں کی تقاریر کے دوران تاخیری نظام لاگو کیا جائے، تاخیری نظام نہ لگانے والے ٹی وی چینلز کے لائسنس معطلی سمیت قانونی کارروائی ہو گی۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ تمام چینلز ریاستی اداروں کو بدنام کرنے والا مواد نشر کرنے سے گریز کریں، اعلی عدالتی احکامات اور پیمرا قوانین کے مطابق لائیو کوریج میں تاخیری نظام ہونا چاہیے۔ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کی ٹرانسمیشن میں مشاہدے میں آیا کہ تقاریر میں ریاستی اداروں کے خلاف بیانات لائیو نشر ہوئے، یہ ضابطہ اخلاق اور اعلی عدالتوں کے احکامات کی خلاف ورزی ہے ۔