اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت اور فارماسوٹیکل کمپنیوں کے درمیان پیراسیٹامول ٹیبلٹ(نارمل) کی قیمت کم جب کہ پیراسیٹامول(ایکسٹرا) اور سیرپ مہنگا کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام نے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈارسے تفصیلی ملاقات کی، اس ملاقات کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمپنیوں کے حکام سے پیراسیٹا مول کی قیمت پر بات چیت ہوئی ہے اور ملاقات میں پیراسیٹا مول نارمل کی ٹیبلٹ 2.35 روپے میں فروخت کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پیراسیٹا مول ایکسٹرا اور سیرپ مہنگا کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ حکومت نے پیراسیٹامول ایکسٹرا اور سیرپ کا ریٹ بڑھانے کے مطالبے کا نصف منظور کرلیا ہے اور پیراسیٹا مول ایکسٹرا کی ٹیبلٹ کی قیمت 2.75 روپے کرنے کی منظوری دی گئی جب کہ پیراسیٹامول سیرپ کی قیمت 117.60 روپے مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔