پرامن لانگ مارچ ہر سیاسی پارٹی کا آئینی ،جمہوری حق ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج، لانگ مارچ، دھرنا پر سیاسی، جمہوری اور سماجی پارٹی کا آئینی جمہوری حق ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ اتحادی حکومت کی ناکامی، نااہلی، عوام دشمنی خود اس کے لیے بڑا بوجھ ہے۔ عمران خان کا لانگ مارچ پنجاب اور کے پی کے حکومت کی بیساکھیوں پر ہوگا۔ دو صوبائی حکومتیں وفاق پر یلغار کریں گی۔ عمران اور ان کی ہر سطح کی قیادت کے آگ اگلتے بیانات حالات کو پرامن نہیں رہنے دیں گے۔ تصادم کی صورت میں نقصان جمہوریت او رفائدہ آمریت کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت ملک میں پائیدار جمہوریت، بااختیار بلدیاتی نظام، آئین و قانون کی بالادستی اور شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات پر یقین رکھتی ہے۔ اقتصادی، سیاسی، تہذیبی اخلاقی او رسماجی بحرانون کا علاج سیاسی مذاکرات ہیں۔ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ سخت ترین حالات میں بھی مذاکرات ہوئے لیکن مذاکرات کے نتائج پر عمل نہ کرکے فوجی آمریت کا راستہ ہموار ہوا۔ قومی قیادت ہوش کے ناخن لے اور سٹیٹس مین شپ کا مظاہرہ کرے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں سیاسی انتشار، بے یقینی اور عدم استحکام کا سب سے زیادہ شکار سیلاب متاثرین ہورہے ہیں۔ وفاقی حکومت اقتدار بچانے کی فکر میں ہے؛ پنجاب، کے پی کے حکومتیں سیلاب متاثرین کو نظرانداز کرکے اقتدار سے محروم عمران خان کی بیساکھیاں بنی ہوئی ہیں، جبکہ بلوچستان میں حکومت نامی شئے ناپید ہے۔ عوام لاوارث ہیں، اِن کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ پی ٹی آئی، مسلم لیگ( ن)، پی پی پی اور پی ڈی ایم جماعتیں عوام کو مسلسل مایوس اور بدترین پولرائزیشن کا شکار کرہی ہیں، جس کا نتیجہ بہت برا بھی ہوسکتا ہے۔ ہراختلاف سے بالاتر ہوکر سیلاب متاثرین کی بحالی کا لائحہ عمل دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ جماعتِ اسلامی ملک میں مسلط سیاسی ملاکھڑے میں سیلاب متاثرین کی بحالی کو نظر انداز نہیں ہونے دے گی۔ عوام دشمن، مفادپرست سیاسی حکومتی رویوں کے خلاف جماعت اسلامی سیلاب متاثرین کی آواز بلند کرے گی اور متاثرین کو منظم کرے گی۔ متاثرین کی بحالی کے وسئال پر ڈاکہ زنی نہیں کرنے دیں گے۔