عوام پر باربار جعلی حکومت ،جعلی نمائندے مسلط کرکے بدعنوانی اورمسائل میں بدترین اضافہ کیا گیا ہے ۔ مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ عوام پر باربار جعلی حکومت ،جعلی نمائندے مسلط کرکے بدعنوانی اورمسائل میں بدترین اضافہ کیا گیا ہے ۔عوام پر عوامی نمائندوں کی حکمرانی ہوگی تو مسائل ،پریشانیوں میںکمی آسکتی ہے۔دیانت دارایماندارنمائندے ،اسلامی مسائل کا حل ہے۔بلوچستان کے عوام سے ہمیشہ حکمرانوں ،منتخب نمائندوں اور اسٹبلشمنٹ نے وعدے اور صرف وعدے کیے ہیں ۔اہل بلوچستان کوسی پیک ،نام نہادپیکیجز ،حقوق بلوچستان کے نعروں سے امیدیں دیکرہمیشہ ناامید کیے گیے ہیں ۔ زراعت ،معیشت تجارت سب کچھ تباہ ،صرف بدعنوانی اوربدعنوان لوگوں نے ترقی کیاہے۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ حکمرانوں ،منتخب نمائندوں اور خودساختہ طبقات کی طرف سے بلوچستان کیساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کب تک جاری رہے گاظلم وجبر کے نظام میں بلوچستان کے عوام پس رہے ہیں حکومت ،حکومتی نمائندے ،ادارے خاموش تماشائی کامنفی کرداراداکر رہے ہیں۔ظلم وجبر لاقانونیت کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہیگی ۔ بلوچستان کی سیاست کومٹھی بھر مفاد پرست اور اقتدار پرست گروہ نے یرغما بنا لیا ہے ۔ عوام بے چین اور سیاسی عدم استحکام بڑھتا ہی جارہا ہے۔ قومی جماعتوں قومی میڈیا نے مسائل میں کمی کے بجائے مسائل سے روگردانی ،آنکھیں موڑلیے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑی جماعتیں مقبولیت، تکبر، غرور کے ہوائی گھوڑے پر سوار ہے ۔بلوچستان میں اپوزیشن نہ ہونے کی وجہ سے بھی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے اتحادی حکومت چوں چوں کا مفاداتی مربہ ہے۔ ہماری نظر میں سیاست عبادت ہے اس لیے جماعت اسلامی کی سیاست میں خدمت دیانت واخلاص ہے ہم ملک کو اسلامی اور بلوچستان کو خوشحال بنائیں گے بدعنوان عناصر نے دیانت دار سیاست اسلامی نظام کیلئے جدوجہد کو داغ داربنادیا ۔بدعنوانی کی وجہ سے ملک وملت بدنام تباہ اور بربادہوگئی ہے ختم نبوت کے قانون کے خلاف اسلام دشمن قوتیں سرگرمِ عمل ہیں، مگرامت مسلمہ کبھی اس سازش کو کامیاب نہ ہونے دے گی اللہ اور رسولۖ سے محبت کا تقاضا ہے کہ اللہ سے بغاوت پر مبنی نظام کو مسترد اور زندگی کے ہر معاملے میں قرآن و سنت کی ہدایات پر عمل کیا جائے عقیدہ ختم نبوت ہرمسلمان کے لیے بنیادی جزوِ ایمان ہے