کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی دیگر پارٹیوں کی طرح خاندانی پراپرٹی نہیں، ملک گیر حقیقی جمہوری انقلابی اسلامی پارٹی ہے، جماعت اسلامی پر کسی خاندان قوم کا قبضہ نہیں، بانی جماعت اسلامی مولانا مودودی نے قوم کو تفرقے لسانیت فرقہ واریت سے بچانے اور ملک میں اسلامی نظام کے قیام کیلئے بہترین انقلابی پلیٹ فارم دیا،انشاء اللہ جماعت اسلامی نے پاکستان میں اسلامی نظام کے قیام ،اسلامی آئین ،شعائر اسلام کے خلاف سیکولر سازشیں ناکام بنانے کیلئے بہترین جدوجہد کی۔ جماعت اسلامی کے پارلیمنٹ میں درجنوں ممبران اسمبلی رہے، الحمداللہ کسی پر بھی بدعنوانی کا کوئی الزام وداغ نہیں ۔جماعت اسلامی کے علاوہ اکثر پارٹیوں میں موروثیت موجودہے، اسی موروثیت کی وجہ سے جماعت اسلامی پر کوئی خاندان قبضہ نہیں کر سکتا جبکہ دیگر پارٹیوں پر خاندان کے خاندان نسل درنسل قابض ہیں، ان پارٹیوں میںعوام کو قیادت وحکمرانی نہیں مل سکتی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں جماعت اسلامی ژوب کے مرکزمیں نو منتخب امیر ضلع مولانا عبد الناصرشہاب زئی کی امارت ضلع کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا عبدالحق ہاشمی نے مزید کہاکہ بلوچستان میں جماعت اسلامی نے دینی وعصری اداروں کا جا ل بچاکر صوبے میں معیاری تعلیم عام کرنے میں اہم کردار اداکیا ،الحمداللہ صوبہ بھر میں جماعت اسلامی کے مدارس وسکولز میں ہزاروں طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں ۔بلوچستان کو مسائل کے گرداب سے جماعت اسلامی نکال سکتی ہے، جماعت اسلامی بلوچوں، وپختونوں سمیت ہر نسل زبان وعلاقے کی اسلامی پارٹی ہے ۔ختم نبوت تحریک میں جماعت اسلامی نے ہر اول دستے کاکردار ادا کیا ۔ ملک وملت کے خلاف ہر سازش کے خلاف جماعت اسلامی نے ہرپلیٹ فارم میں بھر پور کرداراداکرکے آوازبلند کیا ہے۔ ۔ امریکی مداخلت کے خلاف گوامریکہ گو تحریک جماعت اسلامی نے چلائی ،مہنگائی بے روزگاری کے خلاف مارچ جماعت اسلامی نے چلائی ۔
اس موقع پر نومنتخب امیر ضلع ژوب مولانا عبدالناصرشہاب زئی نے امارت ضلع کا حلف لیتے ہوئے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت میں نہ ہونے کے باوجود ملک بھر کی طرح بلوچستان بھر میں ہر آفت مصیبت وپریشانی میں سب سے پہلے عوام کی خدمت میں پیش پیش ہوتی ہے آج بھی سیلاب زدگان کی خدمت کیلئے کوئی پارٹی کوئی کام نہیں کر رہی لیکن جماعت اسلامی میدان عمل میں الخدمت فائونڈیشن کے نام سے موجود دیانت داری واخلاص اورنیک نیتی سے خدمت کر رہی ہے عوام نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا تو ژوب سمیت بلوچستان کو خوشحال واسلامی بنائیں گے۔