کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ پاکستان کی سیاست کے مُٹھی بھر مفاد پرست اور اقتدار پرست گروہ نے ملک و مِلت کو بحرانوں کا اسیر بنادیا ہے۔ عوام بے چین اور سیاسی عدم استحکام بڑھتا ہی جارہا ہے۔ بڑی جماعتیں مقبولیت، تکبر، غرور کے ہوائی گھوڑے پر سوار ہے اور اتحادی حکومت چوں چوں کا مفاداتی مربہ ہے۔ سیاست عبادت ہے، سیاست عوام کی خدمت اور قومی وسائل کی امانت اور دیانت سے استعمال کا کام ہے لیکن کرپٹ مافیا نے سیاست کے چہرے کو داغ دار کردیا ہے۔ختم نبوت کے قانون کے خلاف اسلام دشمن قوتیں سرگرمِ عمل ہیں، مگرامت مسلمہ کبھی اس سازش کو کامیاب نہ ہونے دے گی۔
اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پُرامن سیاسی احتجاج ہی عوام کی طاقت ہوتی ہے لیکن احتجاج کو فساد بنانا، جمہوری احتجاج کے حق کو کچلنا، سیاسی قیادت اور حکومت کا وطیرہ بنا ہوا ہے۔ کمزور حکومتیں احتجاج برداشت نہیں کرتیں اور مفاداتی انتقامی سیاست پُرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی۔ ملک و ملت کو درپیش بحرانوں کا حل قومی ڈائیلاگ، قومی ترجیحات پر اتفاقِ رائے ناگزیرہے، وگرنہ عدالتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے سیاسی قیادت استعمال کرتی رہے گی اس کے خوفناک نتائج برآمد ہوں گے۔ اللہ اور رسولۖ سے محبت کا تقاضا ہے کہ اللہ سے بغاوت پر مبنی نظام کو مسترد اور زندگی کے ہر معاملے میں قرآن و سنت کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔ اللہ نے اپنے آخری نبی حضور اکرمۖ کے ذریعے انسانیت کو دین کامل عطا فرمایا جو قیامت تک کبھی تبدیل نہیں ہو سکتا۔ دین میں تبدیلی کرنے والے اور اسلامی احکام کے خلاف قانون بنانے والے امت مسلمہ کی قیادت نہیں کر سکتے۔ عقیدۂ ختم نبوت ہرمسلمان کے لیے بنیادی جزوِ ایمان ہے۔ اسلام کے اخلاقی و معاشی نظام کے خلاف ٹرانس جینڈر قانون اور سود کے بارے میں عدالتی فیصلوں کے خلاف اپیلیں ان سب کے پیچھے غیر ملکی اسلام دشمن قوتیں ہیں۔ امت مسلمہ کو ہر ایسے طاغوتی منصوبے کے مقابلے پر یک جان ہو کر کھڑا ہونا ہو گا۔ ہم اسلام کا مکمل معاشی نظام اپنا لیں تو اللہ آسمان سے بھی برکتیں نازل فرمائے گا اور زمین بھی خزانے اگلے گی۔ پھر ہم نہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی پر مجبور ہوں گے، نہ مشرق و مغرب کی کسی غیر مسلم، لادین ریاست کے محتاج رہیں گے۔ اسلام ہمیں دیانت داری اور صداقت کے ساتھ خودداری اور غیرت کا بھی درس دیتا ہے۔ بدقسمتی سے مسلم حکمران ان صفات سے محروم ہو چکے ہیں۔ حقیقی انقلاب وقت کی ضرورت ہے