30اکتوبر کایوتھ لیڈرزکنونشن نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہو گا۔ جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 30اکتوبر کو مینارپاکستان کے سائے تلے عظیم الشان یوتھ لیڈرز کنونشن ہو گا ۔کنونشن کو کامیاب بنانے کے حوالے سے کمیٹیاں شب روز محنت کررہی ہیں۔ اس کنونشن میں اہلیان لاہورکی بہت بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں ان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ماضی میں ایک سیاسی جماعت نے نوجوانوں کے جذبات کو مجروح اورانہیں مایوس کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمینار پاکستان پر قائم جے آئی یوتھ کے مرکزی کیمپ کا دور ہ اور کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کو  جاری کردہ اپنے بیان میں کیا ۔ اس موقع پر سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والی وی لوگرزکی بڑی تعدادبھی موجودتھی ۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن کی تیاری بڑے جوش جذبے کے ساتھ جاری ہے ۔ ظالمانہ نظام کو بدلنے کے لیے نوجوانوں کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا ۔ یوتھ لیڈرز کنونشن امید کی کرن اورنئی راہیں متعین کرنے میں اہم کرداراداکرے گا ۔

یوتھ لیڈرز کنونشن میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریںگے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے حالات سب کے سامنے ہیں۔ سیلاب نے پاکستان کے ایک چوتھائی حصہ کو متاثرکیا ۔ لوگ امدا کے منتظر ہیں مگر ایک طرف دوسری تمام سیاسی جماعتیں سیاسی کشمکش میں مصروف ہیں تو دوسری جانب جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار سیلاب متاثرین کی مدد کرنے میں مصروف ہیں۔ جماعت اسلامی بغیر وسائل اور اقتدار کے اتنے بڑے پیمانے پر لوگوں کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔ اگر اقتدار مل جائے تو ہم ملک و قوم کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم فرسودہ نظام سے چھٹکارا اور موروثیت کے علمبرداروں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کردیں ۔ مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے ہر شعبہ اور ملکی معیشت بیڑہ غرق کرکے رکھ دیاہے۔